بھٹکل 8؍اگست (ایس او نیوز) بھٹکل کے نائطی ادیب اور شاعر جناب محمد علی پرواز صاحب کی گذشتہ روز نوائط محفل کی جانب سے تہنیت کی گئی اور نوائط زبان اور ثقافت کو فروغ دینے میں اُن کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے اُن کی شال پوشی کی گئی۔
چند روز قبل انجمن گرائونڈ میں منعقدہ نوائطی مشاعرہ کے موقع پر موصوف کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اُن کو پیش کیاجانے والا سپاس نامہ پڑھ کر سنایا گیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ ان کی صحت اجازت نہ دینے کی وجہ سے وہ پروگرام میں شریک نہیں ہوسکے ہیں، لہٰذا موصوف کی صحت کا خیال کرتے ہوئے نوائط محفل کے ذمہ داران نے اُن کی رہائش گاہ پر پہنچ کر اُن کی خدمات کا اعتراف کیا اور ان کے سامنے سپاس نامہ پڑھ کر سناتے ہوئے اُن کی شال پوشی کی۔
خیال رہے کہ موصوف کی لکھی ایک نائطی نظم " رڑتے گذرتا موجی گھڑی، ذرا پلا تمیں چڈواں ہاری" بے حد معروف ہے۔ موصوف بھٹکل کے اکلوتے پندرہ روزہ اخبار نقش نوائط میں ایک مدت تک اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ جبکہ موصوف ممبئی کے معروف اُردو روزنامہ انقلاب کے لئے بھی کتابت کے فرائض انجام دےچکے ہیں۔
سپاس نامہ پیش کرنے کے موقع پر نوائط محفل کے نائب صدر عتیق الرحمن شاہ بندری اور جنرل سکریٹری محمد صادق اسرمتا سمیت مولوی عبدالعلیم قاسمی، زبیر جوکاکو، اسماعیل چڈوباپا شاہ بندری، قمرالزماں موٹیا اور ارشد شاہ بندری موجود تھے۔